اینٹیگا ، 22؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کل یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن ناٹ آؤٹ 143رنوں کی اننگ کے دوران کیریبائی سرزمین پر اپنی پہلی ہی اننگ میں سنچری لگانے والے پہلے ہندوستانی کپتان بن گئے ۔کوہلی نے اب تک 143رنوں کی اپنی اننگ کے دوران 197گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 16چوکے لگائے ہیں۔کوہلی تیسرے ہندوستانی کپتان ہیں جنہوں نے کیریبائی سرزمین پر سنچری اسکور کی ہے۔اس سے پہلے راہل دراوڑ نے جون 2006میں گراس آئلیٹ میں 146جبکہ کپل دیو نے 1983میں پورٹ آف اسپین میں ناٹ آؤٹ 100رن کی اننگ کھیلی تھی۔کوہلی اپنی اس اننگ کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں 3000یا اس سے زیادہ رن بنانے والے 19ویں ہندوستانی بلے باز بن گئے ۔انہوں نے اس دوران 18اننگوں میں ٹیسٹ کپتان کے طور پر 1000رن بھی پورے کئے۔کوہلی نے کپتان کے طور پر اب تک 18اننگوں میں پانچ سنچریاں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 61.11کی اوسط سے 1039رن بنائے ہیں۔ غیر ملکی سرزمین پر کپتان کے طور پر کوہلی کی یہ پانچویں ٹیسٹ سنچری ہے اور انہوں نے کپتان کے طور پر غیر ملکی سرزمین پر ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچری کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔کوہلی نے کپتان کے طور پر غیر ملکی سرزمین پر اب تک 12اننگوں میں 76.27کی اوسط سے 839رن بنائے ہیں۔غیر ملکی سرزمین پر کپتان کے طور پر ان سے بہتر اوسط صرف عظیم بلے باز سر ڈان بریڈمین،15اننگوں میں 85.63کی اوسط سے 942رن، کا رہا ہے۔دائیں ہاتھ کی یہ بلے باز ویسٹ انڈیز میں اپنی پہلی ہی اننگ میں 50یا اس سے زیادہ رن بنانے والا پہلا ہندوستانی کپتان بھی ہے۔ساتھ ہی اس میدان پر ان کی یہ اننگ کسی بھی کپتان کی جانب سے بہترین اننگ بھی ہے۔